لاہور، پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن سے قبل شہریوں کو ایک ماہ کی مہلت دے دی۔
پولیس حکام کے مطابق اس دوران شہری رضاکارانہ طور پر اپنا غیر قانونی اسلحہ قریبی تھانوں میں جمع کرا سکتے ہیں۔ مقررہ مدت میں ہتھیار جمع کرانے والوں کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق قانونی اسلحہ رکھنے والے شہریوں کو بھی ہتھیاروں کی تھانوں میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ صوبے کے تمام اسلحہ ڈیلرز کی میپنگ اور اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس دوران ڈیلرز کے پاس موجود ہتھیار اور گولیاں ان کے لائسنس کے مطابق چیک کی جائیں گی۔
اسلحہ کی تصدیق (ویریفیکیشن) کے عمل میں ہوم ڈیپارٹمنٹ سمیت متعلقہ ادارے بھی شامل ہوں گے۔
پنجاب بلدیاتی انتخابات نئے قانون کے تحت ہونگے ، الیکشن کمیشن نے شیڈول واپس لے لیا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مہلت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس کا مقصد صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانا اور اسلحے کے غیر قانونی استعمال کا خاتمہ ہے۔
