وزیر مملکت و مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اب تک 600 ارب روپے سے زائد رقم خیبر پختونخوا حکومت کو دے چکی ہے، جو دہشتگردی کے خلاف جنگ، سیکیورٹی فورسز کی معاونت اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی بہتری کے لیے مختص تھی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس خطیر رقم کا آج تک کوئی واضح حساب نہیں دیا گیا اور نہ ہی اس کے مؤثراستعمال کے شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا پولیس اور آئی جی کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے فراہم کی تھیں۔
یہ گاڑیاں انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی ہیں، جنہیں خطرناک علاقوں اورآپریشنزمیں استعمال کیا جاتا ہے، جہاں ان کے استعمال سے جانی نقصان نہ ہونے کے برابررہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان گاڑیوں کو وفاقی وزرا اوراہم اداروں کے افسران بھی استعمال کرتے ہیں تاکہ دہشتگردی کے خطرات سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وفاقی حکومت کی ناقص بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ حیران کن ہے کیونکہ یہ گاڑیاں دراصل دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن فورسزکی حفاظت کے لیے دی گئی تھیں نہ کہ سیاسی استعمال کے لیے۔
وزیر مملکت نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی رقوم اور وسائل کے شفاف استعمال کا مطالبہ کیا۔
