اوکاڑہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب بحالی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ 500 سیلاب متاثرین کو ایک ہی دن میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب بحالی پروگرام 2025 کا آغاز کر دیا گیا۔ دیپالپور کے سیلاب متاثرین کو 50 ہزار کیش اور اے ٹی ایم کارڈ مل گئے۔ جبکہ تحصیل دیپالپور میں500 سیلاب متاثرین کو ایک ہی دن میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
مریم نواز نے سیلاب متاثرین کو فرنٹ پر بٹھانے کا حکم دیا۔ انہوں نے متاثرین کو جلد از جلد گھر کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین سے نقصانات اور سروے کے بارے میں دریافت کیا۔ اور بزرگ خاتون کا ہاتھ پکڑ کر خود کاؤنٹر پر لے گئیں، ان کا پراسس مکمل کرایا اور بائیو میٹرک کے بعد 50 ہزار اور اے ٹی ایم کارڈ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبہ بھر میں سیلاب متاثرین کا 73 فی صد سروے مکمل کر لیا گیا۔ اور چند ہفتے میں تکمیل کا عندیہ بھی دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارڈ کے ذریعے پنجاب بینک کی اے ٹی ایم مشین سے 24 گھنٹے میں لاکھ لاکھ روپے کر کے 3 لاکھ نکالے جا سکتے ہیں۔ اور پنجاب بینک کے علاوہ دیگر بینک کی اے ٹی ایم مشین سے روزانہ ایک لاکھ روپے نکلوائے جاسکتے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوکاڑہ میں سیلاب سے 147 موضع اور 17 ہزار 313 افراد متاثر ہوئے۔ جبکہ دریائے ستلج اور راوی میں طغیانی سے 691 پختہ گھر مکمل اور 365 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ اوکاڑہ میں سیلاب سے 919 کچے مکان مکمل اور 655 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ جبکہ سیلاب سے 80 ہزار 592 ایکڑ اراضی متاثر اور دو مویشی ہلاک ہوئے۔
تحصیل اوکاڑہ کے 45، دیپالپور کے 94 اور رینالہ خورد کے 8 موضع میں سیلاب متاثرین کا سروے مکمل کر لیا گیا۔ جبکہ سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 72 تحصیلوں کے متاثرہ 4 ہزار 754 مواضعات میں سے 3 ہزار 474 مواضعات کا سروے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل پر سفر کرنیوالوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں جاری 4 لاکھ 46 ہزار 697 سروے انٹریز مکمل کر لی گئیں۔ جبکہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 17 ہزار 347 ایکڑ اراضی اور ایک لاکھ 31 ہزار309 مکان متاثر ہوئے۔ صوبہ بھر میں 5 ہزار 805 بڑے مویشی اور 2 ہزار 97 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں۔
