جدہ سے سیرین ایئرلائن کی پروازوں کی معطلی کے باعث 1800 سے زائد پاکستانی مسافر، جن میں عمرہ زائرین بھی شامل ہیں گزشتہ تین روز سے مشکلات کا شکار ہیں۔
متاثرہ مسافروں کوجدہ ایئرپورٹ سے ہوٹلوں میں منتقل تو کر دیا گیا تاہم انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔
مسافروں کے مطابق ہوٹلوں میں کھانے پینے کی مناسب سہولت میسر نہیں اوردو افراد کے کمروں میں پانچ پانچ افراد کو ٹھہرایا گیا ہے، جس سے خواتین اور بزرگ مسافروں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
سیرین ایئرلائن کے جدہ منیجرسے رابطہ بھی ممکن نہیں کیونکہ ان کا نمبر مسلسل بند بتایا جا رہا ہے ادھر جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی خاموشی نے مسافروں کو مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ وہ تین دن سے ایئرلائن اور حکام کے رحم و کرم پر ہیں اور کوئی ذمہ دار ان کی مشکلات دور کرنے کے لیے آگے نہیں بڑھ رہا۔
طوفان سے شیفول ایئرپورٹ پر 150 سے زائد پروازیں منسوخ
مسافروں نے حکومت پاکستان اورمتعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اورانکی وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
