پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں جمعرات کو 1884 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ پہلی بار ایک لاکھ 58ہزارپوائنٹس کی سطح عبورکرگیا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف کا کہنا ہے کہ اس معاہدے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی ہے جس کی وجہ سے کے ایس ای-100 انڈیکس بلند ترین سطح کے قریب بند ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے سے سعودی عرب کے ساتھ مزید تعاون کی راہیں کھلنے کی توقع ہے، جس میں ہنر مند افرادی قوت کی زیادہ برآمد اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھنے کے امکانات شامل ہیں۔
معاہدے کی تفصیلات
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور و وزیرِ اعظم شہباز شریف نے “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کئے۔

یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، دونوں ممالک میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں معاہدہ ہوا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خارجہ اسحق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
سعودی شاہی محل آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب پہنچنے پر شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا، شہبازشریف کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اپنی حفاظت میں لیا اور ایئر بیس تک پروٹوکول دیا گیا۔
سٹیٹ بینک نے غیر ملکی کرنسیوں کے ریٹ جاری کردئیے
بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف کا رائل ٹرمینل پر ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے استقبال کیا ، وزیراعظم اور ڈپٹی گورنر ریاض کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس دوران پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
