ایشیا کپ کا اہم ترین میچ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا۔
میچ کے دوران بارش کا امکان بہت کم ہے ،موسم خشک اور رات کے وقت ہلکی ہوا کے ساتھ درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی۔
میچ کے آغاز کے وقت درجہ حرارت تقریباً 32 تک گر جائے گا۔ اور نمی کا تناسب 49 فیصد ہو گا،دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کی نظریں صرف بھارت کے خلاف میچ پر نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔
دبئی میں پاک بھارت میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کے خلاف ہم بے خوف کرکٹ کھیلیں گے، بھارت بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلیئنگ الیون ہمیشہ پچ کی صورتحال کے مطابق منتخب کی جاتی ہے اگروکٹ خشک ہو تو اسپنرزکو موقع ملتا ہے۔
صائم ایوب نے کہا کہ کھلاڑی ایک دوسرے کو اعتماد دیتے ہیں اورہم ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کی یاد کچھ خاص نہیں، ٹیم منیجمنٹ کا مشورہ ہے کہ ماضی سے سبق لیں اورفوکس حال پررکھیں۔
پاک بھارت میچ ، دبئی پولیس کی کرکٹ شائقین کے لیے ایڈوائزری جاری
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو جتوانا سب سے بڑا چیلنج ہے، دباؤ میں رہ کرفتح حاصل کرنا ضروری ہے اوربڑے میچ جیتنے کے لیے ٹیم ورک بنیادی ہتھیار ہے اگرایک پلیئر میچ جتادے تو سب پچھلی ناکامیاں بھول جاتے ہیں۔
