محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، اندرون سندھ مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنو بی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں تیز موسلا دھار، شدید موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، روہڑی، پڈعیدن، لاڑکانہ اور نوشہروفیروز سمیت کئی شہروں میں شدید بارش ہوئی۔
پنجاب میں اونچے درجے سیلاب کا الرٹ ، جلال پور پیروالا میں فوج طلب
ٹنڈو محمد خان میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔حیدرآباد اور قرب و جوار میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
کراچی محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹے میں ہونے والی بارش کے اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش کورنگی میں آٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں پانچ ملی میٹر، میٹ آفس یونیورسٹی روڈ تین ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پی اے ایف فیصل بیس شارع فیصل 2 ملی میٹر، گلشن معمارتین اعشاریہ پانچ ملی میٹر، ائیر پورٹ اولڈ ایریا 2 اعشاریہ 6 ملی میٹر، نارتھ کراچی ایک اعشاریہ 2 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز سیون ایک اعشاریہ پانچ ملی میٹر، کیماڑی 4 ملی میٹر، جناح ٹرمینل تین ملی میٹر، سرجانی 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
