ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 51 ہزار کیوسک ہے، پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا، شاہدرہ سے تقریبا 2 لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلہ گزرے گا۔
دریائے ستلج، راوی اور چناب میں سیلاب سے تباہی پھیل گئی، سینکڑوں دیہات زیر آب آ گئے، سیلاب سے 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے 2 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی
دریائے راوی میں شاہدرہ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، لاہور، چوہنگ، ہنجروال اور مانگا منڈی میں سیلابی صورتحال ہے، تین دریاؤں میں تباہ کن سیلاب سے چھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ڈیڑھ لاکھ افراد اور 35 ہزار سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے کہ دریائے چناب پر ہیڈ قادر آباد ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔شہریوں کو ہیڈ قادر آباد سے ملحقہ علاقے خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہیڈ قادر آباد کوبچانے کے لئے دریا کے دو بند دھماکے سے توڑ دیے گئے، حافظ آباد، وزیر آباد اور پھالیہ کے علاقے متاثر ہوں گے، ہیڈ خانکی پر پانی کی سطح 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک ہو گئی ہے۔
جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 66 ہزار کیوسک ہے۔بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 93 ہزار کیوسک ہے۔
سیلاب سے ہر طرف تباہی، درجنوں دیہات زیر آب، قادر بیراج کو بچانے کیلئے حفاظتی بند توڑ دیا گیا
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ دریائے راوی کے پاٹ میں بسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ریلیف کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو غیر ضروری دریا کے اطراف جمع نہ ہونے دے۔ انہوں نے شہریوں سے التماس کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ رہیں۔ دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح کیلئے ہرگز نہ جائیں۔
دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ تریموں پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 90,775 کیوسک، اخراج 88,375 کیوسک رہا، چنیوٹ سے 59,410 کیوسک کا ریلہ چند گھنٹوں میں جھنگ پہنچے گا، جھنگ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مرالہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ اکانوے ہزار نو سو بارہ کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، پانی کا اخراج ایک لاکھ پچاسی ہزار چار سو بارہ کیوسک ریکارڈ کیا گیا، خانکی بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
