راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کے لیے 25 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے 3 ہزار سے زائد تربیت یافتہ رضاکار بونیر، باجوڑ، بٹگرام، سوات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے رضاکار اب تک 408 متاثرہ افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک منتقل کر چکے ہیں۔ اور الخدمت کے 6 موبائل ہیلتھ یونٹس سیلاب زدہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جبکہ دیگر شہروں سے بھی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف متاثرین کی خدمت کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارش ہوگی تو پانی تو جمع ہو گا، بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی 18 ایمبولینسیں مریضوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو پکا پکایا کھانا، راشن پیکجز اور صاف پانی کی فراہمی پہلے دن سے جاری ہے۔ جبکہ الخدمت کے رضاکار بیلچوں اور کدال کی مدد سے سڑکوں اور مکانوں سے ملبہ بھی ہٹا رہے ہیں۔ تاہم اس عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے حکومتی مشینری کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ باجوڑ، بونیر اور بٹگرام میں بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ اور ان علاقوں میں بحالی کا عمل مکمل ہونے تک الخدمت کی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
