کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش ہو گی تو پانی تو جمع ہو گا۔ بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں زیادہ بارش ہوئی۔ جبکہ بارش سے لاہور اور ممبئی بھی ڈوب گئے تھے۔ 2020 میں بھی موسلادھار بارشیں ہوئی تھیں۔ کہتے ہیں نالے صاف نہیں کیے گئے۔ کراچی کے نالے صاف تھے تبھی تو پانی نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد سڑکوں پر موجود ہے۔ جبکہ شہریوں کو بارش کےدوران نکلنے سے منع کرتے ہیں لیکن پھر بھی وہ نکلتے ہیں۔ موسمی تبدیلی کےاثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے بارش کے ساتھ بہہ گئے، فاروق ستار
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت میں بارشوں سے 400 افراد جاں بحق ہوئے۔ کراچی میں 12 گھنٹے میں 200 ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ہوئی۔ تاہم پوری انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کا عملہ اور میں خود سڑکوں پر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کر رہے ہیں۔ اور بارش کے پانی کی نکاسی کر رہے ہیں۔ آج عام تعطیل کا اعلان کیا تھا لیکن لوگ پھر بھی نکلے ہوئے ہیں۔ لوگوں کو خیال رکھنا چاہیے کہ تعطیل کا مطلب گھروں پر رہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارش ہو گی تو پانی جمع ہو گا اور بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے۔ ہماری بھی کوتاہیاں ہوں گی لیکن حکومت کام کر رہی ہے۔
