ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے ایک سال مکمل ہونے پر عوام نے ملک بھر میں سڑکوں پر جشن منایا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مل جل کر بنگلہ دیش کی ترقی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔ اگلے سال منصفانہ، شفاف اور پُرامن انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق 5 اگست کو گزشتہ برس اگست میں احتجاجی مظاہرے میں زندہ بچ جانے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی دن کے نام سے منایا گیا۔
یہ دن ان افراد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کیا اور اپنی جانیں قربان کیں، یہ دن بنگلا دیش کی تاریخ کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق جولائی تا اگست 2024 کے درمیان متنازعہ سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کے خلاف جاری طلبا تحریک پر ریاستی تشدد میں کم از کم 1400 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ یہ قتل عام بنگلہ دیش کی تاریخ کے بدترین انسانی حقوق کے سانحات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے بھارت پر آئندہ 24 گھنٹے میں مزید ٹیرف بڑھانے کا اعلان
اسی تحریک کے نتیجے میں عوامی لیگ کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔ اور شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو بھارت فرار ہو گئی تھیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی حکومت نے بھارت سے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کی باضابطہ درخواست دی تھی مگر ابھی تک کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
