وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور صوبائی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور اس میں درپیش رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
لیبیا کشتی حادثہ، ایف آئی اے کی کاروائیاں، 30 افسران معطل
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے، یہ جنگ سیکیورٹی فورسز کی نہیں، پوری قوم کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی سے سرگرم ہیں، سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔
