چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں ایک نام بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت کے بغیر نہیں ڈالا گیا۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والے لوگوں کو ٹکٹ دینے کی بات درست نہیں، بانی پی ٹی آئی نے مرزا آفریدی کا نام فائنل کیا تھا، انہوں نے پارٹی کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
ناراض امیدواروں کیخلاف پارٹی کارروائی کرے گی، علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کے معاملے میں بریک آ گیا تھا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہوا تو ایسا لگا ہمیں اتنی سیٹیں اب نہیں ملیں گی جتنی بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی احتجاج کو جیل سے خود لیڈ کریں گے۔ مذاکرات کا وقت ختم اب جو بھی ہوگا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر ہو گا۔ 2 سال ہو گئے ہیں اب سختیاں ختم ہونی چاہئیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
