قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آخری حج پروازآج رات 8 بج کر 30 منٹ پرمدینہ سے اسلام آباد پہنچی، مجموعی طور پر 41 ہزار 500 سے زائد حجاج کرام کو 147 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے وطن واپس لایا گیا۔
مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب کا انعقاد، بیت اللہ خوشبوؤں سے معطر
حج پروازوں کی شیڈول کے مطابق بروقت روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رہا جو پی آئی اے کی کارکردگی کا ثبوت ہے بعد ازحج آپریشن 10 جون سے شروع ہوا تھا اور 10 جولائی کو مکمل ہوا۔
پی آئی اے کا حج آپریشن ملک کے مختلف بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاورسے آپریٹ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے حجاج کرام کی سہولت کو ترجیح دی اورانہیں بروقت، محفوظ اورآرام دہ سفری سہولیات فراہم کیں، پی آئی اے نے آئندہ بھی بہتر حج سروس فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
