فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ اور اسپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ اور اسپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی دو طرفہ فوجی کشیدگی میں کسی تیسرے فریق کو شامل کرنا بھارت کی بلاک پولیٹکس کو فروغ دینے کی بے بنیاد کوشش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ درحقیقت دنیا واضح طور پر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہا پسندی کے خطرناک رجحانات سے بدظن ہوتی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تاریخی اور منفرد دورۂ امریکا کے بارے میں بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دورۂ امریکا کے دوران امریکی قیادت کو پاکستان کا دو طرفہ معاملات پر مؤقف پیش کیا گیا۔
بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی میں خلل ڈالنے والے عناصر کو ناکام بنایا جائے گا، کورکمانڈر کانفرنس
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ فورم کو بتایا گیا کہ اعلیٰ سطح کی امریکی قیادت کو علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کا بامقصد مؤقف براہِ راست پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں داخلی و خارجی سلامتی اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا اور طاقت کے استعمال کے بڑھتے عالمی رجحان کو بحیثیت ترجیحی پالیسی ٹول استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بتایا گیا کہ پہلگام واقعے میں واضح شکست کے بعد بھارت اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی پراکسیز سےمذموم ایجنڈا مزید آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
