اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے امیر کویت شیخ مشعل الحمد الجابر الصباح اور کویتی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے پاک، بھارت کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کویت کے مضبوط اور متوازن مؤقف کو سراہتے ہیں۔ جبکہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کویتی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کی وسعت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا پاک بھارت جنگ بندی میں کردار پر امریکی صدر کو خراج تحسین
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ سہولت میں نرمی پر وزیر اعظم نے کویتی ولی عہد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کویت کو ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ عوام روابط میں معاون ہو گا۔
ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک نے کویت میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
