ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے الیکشن لڑنے کے لیے تین شرائط عائد کی ہیں جن میں فوج کو انتخابی عمل سے بے دخل کرنا، نااہل افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینا اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانا شامل ہیں۔
ملتان میں ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوج کی مداخلت کا الزام جمہوریت کو بدنام کرنے کی سازش ہے،
انہوں نے کہا کہ حسن عسکری کا چناؤ شہبازشریف نے ہی کیا، نوازشریف کی شرائط الیکشن متنازعہ بنانے کی سازش ہیں اور تحریک انصاف تینوں شرائط کو مسترد کرتی ہے، ایسے فیصلوں سے ملک کی خدمت نہیں ہوتی لہٰذا سیاسی عدم استحکام کی فضا پیدا نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے اپنے ممبران سمیت کوئی جماعت انتخابات سے لاتعلق ہونے کے لیے تیار نہیں اور تحریک انصاف بروقت انتخابات کے لیے ہرممکن تعاون کو تیار ہے۔
