اسلام آباد: افغان صدراشرف غنی نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کو ٹیلی فون کر کے ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت ہے، پاکستان افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان صدر نے افغانستان میں جنگ بندی معاہدے کے بعد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
افغان صدر اشرف غنی نے رمضان المبارک کے آخری چند روز اور عید کی مناسبت سے طالبان کے ساتھ ایک ہفتے کی جنگ بندی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں طالبان نے بھی عیدالفطر کے تین دن حملے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
12 جون کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا جس میں انہوں نے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے علاوہ اتحادی فوج کے سربراہ جان نکلسن سے بھی ملاقات کی تھی، اس ملاقات کے بعد 13 اور 14 جون کی درمیانی شب امریکی ڈرون طیارے نے افغان صوبے کنڑ میں حملہ کر کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملا فضل اللہ کو ہلاک کر دیا جو پاکستان کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔
