اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا آج آخری دن ہے جس سے الیکشن 2018 کا پہلا مرحلہ اختتام کو پہنچ جائے گا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ آٹھ جون مقرر کی تھی بعد ازاں اس میں تین دن کا اضافہ کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 19 جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔
کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ ابتدائی فہرست 28 جون کو آویزاں کی جائے گی۔
امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو جاری کرے گا اور الیکشن 25 جولائی کو ہوں گے۔
عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی کی فیس چارہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کردی گئی تھی جب کہ صوبائی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی فیس دو ہزار سے بڑھا کر20 ہزار روپے کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لیے قائم کردہ سیل میں چاروں صوبوں کے لیے الگ الگ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جب کہ سیل میں ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کےنمائندے شامل ہیں۔
