پشاور: خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان پر بھی اعتراضات اٹھا دیے گئے ہیں۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ پر اعتراض کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔

کنور دلشاد کی جانب سے لکھے گئے خط میں اعتراض کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 207 کے تحت جسٹس (ر) دوست محمد خان کو دو سال انتظار کرنا پڑے گا، دوست محمد دو ماہ پہلے ہی ریٹائر ہوئے ہیں اور قانون کے مطابق وہ دو سال سے قبل کوئی سرکاری عہدہ قبول نہیں کرسکتے۔
نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ( ر) دوست محمد خان نے چھ جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
جسٹس ( ر) دوست محمد خان کے نگراں وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اُن سے سپریم کورٹ کی گاڑی واپس لینے کا حکم دے دیا تھا۔
صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہونے اور بعد ازاں پارلیمانی کمیٹی میں بھی کسی نام پر متفق نہ ہونے پر آئین کے مطابق الیکشن کمیشن نے پانچ جون کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کیا تھا۔
