اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے) آج اپنے انتخابی منشور کا اعلان کرے گی۔
ذمہ دارذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ انتخابی منشور کا اعلان اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی قائدین ایم ایم اے اس افطارڈنر پر یکجا ہیں جس کا اہتمام جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ افطار سے قبل ایم ایم اے کی قیادت کا غیر رسمی اجلاس بھی ہوگا جس میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں اور ریلیوں کے پروگراموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایم ایم اے کی جانب سے باہمی مشاورت کے بعد چار جون کوکوئٹہ، آٹھ جون کو کراچی،12 جون کو مالاکنڈ، 24 جون کو پشاور، 29 جون کو ملتان اور راولپنڈی میں جلسوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ایم ایم اے کے زیراہتمام چارجون سے 20 جولائی تک ہر ڈویژن میں صوبائی قیادت ریلیاں اورجلسوں کا علیحدہ سے اہتمام کرے گی۔
ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ متحدہ مجلس عمل آج کچھ بڑے فیصلے و اہم اعلانات بھی کرسکتی ہے جن کا تعلق قومی و صوبائی اسمبلیوں کی عام و مخصوص نشستوں سے ہوگا۔
