اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کی سیاست فوج کی نرسری میں پروان چڑھے ہیں جبکہ میں 22 سالہ صبرآزما جدوجہد کے ذریعے یہاں تک پہنچا ہوں۔ انہوں نے یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کی دوبڑی جماعتیں بنیادی اہداف پر پیشرفت میں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان جماعتوں نے طبقاتی تقسیم کو تقویت بخشی۔
پاکستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے سابق کرکٹ کپتان عمران خان نے کہا کہ ملک کو وہی مسائل درپیش ہیں جن کا سامنا دیگر ترقی پذیر ممالک کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ترقی کے لیے وسائل کی فراہمی ہماری پارٹی کے بنیادی اہداف میں شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جماعتوں کی مقبولیت کے اندازے اکثر گمراہ کن ثابت ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب ان اندازوں کی صحت جانچنے کی عمدہ مثال ہے۔
1992 میں پاکستان کے لیے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مستقبل پی ٹی آئی کا ہے اورالیکشن میں ہم واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد اداروں کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرے گی۔
ملکی اداروں کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو کہنا پڑا کہ ملک میں ادارے زمیں بوس ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں ترقی کی مثال دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کا د گنا ہونا پارٹی اورحکومتی کارکردگی پرعوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا کی پولیس اس کی ایک زندہ مثال ہے۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا آج صحت و تعلیم میں دیگرصوبوں سے آگے ہے اور صوبے میں مقامی حکومتوں کا بہترین نظام رائج ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے ہماری کوششوں کا دنیا نے اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محنت اورحلال ذرائع سے پیسہ کما کر اپنے لیے گھر بنایا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی مالی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی ہیں ۔
