ملتان: میٹروبس زمین میں دھنسنے کے واقعہ کے بعد ملتان کی معیاری سڑکوں کا حال اس وقت مزید واضح ہوا جب چینی سے بھرا ٹرک ایک سڑک میں دھنس گیا۔
ملتان کے سورج میانی روڈ پر دن دیہاڑے چینی سے بھرا ہوا ایک ٹرک سڑک میں دھنس گیا جس کے بعد ڈرائیور نے مدد کے لیے میونسپل کارپوریشن سے مدد مانگی تو کارپوریشن نے دس ہزار روپے مانگ لیے۔
ٹرک کے ڈارئیور ثاقب حسین نے’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرک سڑک میں دھنسنے سے میرا 40 ہزار کا نقصان ہوا اور میونسپل کارپوریشن نے مدد کرنے کے دس ہزار مانگے ہیں۔
ٹرک دھنس جانے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا۔
قبل ازیں اسی سورج میانی روڈ پر مسافروں سے بھری میٹروبس زمین میں دھنس گئی تھی جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن ذمہ داران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ضرور لگ گیا تھا۔

دو ماہ قبل تعیمر کیے گئے سورج میانی روڈ کی تعمیر میں ناقص میٹیریل کا استعمال اس قسم کے حادثات کا سبب بنا۔
