اسلام آباد: پاکستان میں عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار صوبائی الیکشن کمیشن اور آر اوز کے دفاتر سے نامزدگی فارم وصول اور جمع کرا سکیں گے۔
انتخابی کمیشن کے مطابق الیکشن 2018 میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 100 روپے جمع کرانے کے بعد نامزدگی فارمز حاصل کرسکتے ہیں۔
پہلے روز پشاور کی پانچ قومی اور 14 صوبائی نشستوں کے لیے 80 فارمز جاری کیے گئے۔ پشاور سے خواتین اور اقلیتی نشستوں کے لیے 50امیدواروں نے فارم حاصل کیے۔
عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی کی فیس چارہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ جب کہ صوبائی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی فیس دو ہزار سے بڑھا کر20 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لیے قائم کردہ سیل میں چاروں صوبوں کے لیے الگ الگ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جب کہ سیل میں ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینگ کےنمائندے شامل ہیں۔
نامزدگی فارم کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ آٹھ جون تک جاری رہے گا جس کے بعد اسی روز امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
