لاہور: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے بدترین مخالف بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان پانچ برسوں میں ہر شعبے میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے۔
وہ کالا شاہ کاکو میں امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ شاہدرہ پر 6 رویہ اوور ہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک و قوم کی جو خدمت کی ہے اس کے پیش نظر اگلے انتخابات میں عوام ایک بار پھر میاں نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جو حکومت 1500 دن میں کے پی میں انقلاب نہیں لا سکی وہ 100 دن میں کیا انقلاب لائے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے دعوی کیا کہ پچھلے پانچ سالوں میں ہماری جماعت نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بہت کام کیے ہیں، اس دوران ہمیں بہت سے اندرونی، بیرونی اور سرحدی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے باوجود ترقی کا سفرجاری رہا ہے۔
مسلسل ٹریفک جام کی وجہ سے امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ شاہدرہ پر اوور ہیڈ برج یہاں کے شہریوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جس کی بنیاد آج رکھ دی گئی ہے۔
