اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بیرونی فنڈنگ مقدمات کی سماعت کے دوران میں تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ ایک وقت میں دو مقدمات پر دلائل دینا میرے لیے ممکن نہیں۔
بدھ کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مقدمہ کی سماعت الطاف ابراہیم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے بیرون ملک فنڈز کیس میں اپنے دلائل کے دوران فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے مقدمات کی سماعت علیحدہ دنوں میں کی جائے۔
انتخابی کمیشن نے پیپلز پارٹی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔
مسلم لیگ ن فارن فنڈنگ کیس
مسلم لیگ ن کی غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ راجہ ظفر الحق کے نام سے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا گیا جو قانون کے خلاف ہے، نواز شریف کو اپنے نام سے جواب جمع کرانا چاہیے تھا۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے وکیل پیش نہ ہونے پر بینچ کے سربراہ الطاف ابراہیم نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے جونیئر وکیل سے استفسار کیا کہ وہ کب تک آئیں گے؟
جونئیر وکیل نے تین رکنی بینچ کو بتایا کہ وہ آج نہیں آ سکیں گے۔
بینچ کے سربراہ الطاف ابراہیم نے کہا کہ وکیل سے کہیں کہ اگر ان کے پاس وقت نہیں ہوتا تو مقدمہ نہ لیا کریں۔
پی ٹی آئی کے وکی فیصل چوہدری نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ جونیئر وکیل کو بھیج کر کہا جائے کہ آپ پوائنٹس نوٹ کر لیں۔
الیکشن کمیشن نے مقدمہ کی سماعت 5 جون تک ملتوی۔
