ورجینیا: 61 سالہ جینا ہیسپل نے سی آئی اے کی نئی ڈائریکٹر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
امریکی نائب صدرمائیک پینس نے سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں ان سے حلف لیا، اس موقع پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی موجود تھے۔
جمعرات کو امریکی سینیٹ نے اس عہدے کے لئے جینا ہیسپل کی نامزدگی کی منظوری دی تھی، سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہونے والی وہ پہلی خاتون ہیں۔
صدرٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ جینا ایک مضبوط خاتون ہیں اورجہاں امریکی دفاع کا معاملہ آئے گا وہاں وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گی، اس ملک میں جینا سے بڑھ کر اور کوئی اس عہدے کے لائق نہیں۔
ماضی میں جینا ہیسپل پر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ وہ سی آئی اے کی طرف سے قیدیوں پر تشدد کے عمل کی نگرانی کرتی رہی ہیں، اس وجہ سے بہت سے امریکی حکام اس عہدے پر ان کے فائز ہونے کے خلاف تھے۔
