اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ساڑھے آٹھ گھنٹے طویل اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
پارلیمانی کمیٹی برائےقومی سلامتی کا اجلاس: پاک امریکہ تعلقات اور افغان امور پر بریفنگ
ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ پر ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ارکان کی سفارشات کو سیکورٹی پالیسی کا اہم حصہ گردانا جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی ۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ارکان کو مقبوضہ کشمیر اور افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
شرکا کو خارجہ امور، داخلی سلامتی اور اندرونی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کے باعث مختلف افغان دھڑوں اور متحارب گروپوں کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی اور امریکہ و طالبان میں بامعنی بات چیت کا آغاز ہوا۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس: بریفنگ سے شہباز شریف مطمئن
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی سرزمین افغانستان میں جاری تنازعے میں استعمال نہیں ہو رہی۔ اجلاس میں اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شرکائے اجلاس کو بتایا گیا کہ افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وفاقی وزرا اور چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔
ہم نیوز کے مطابق اجلاس کے اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر رانا تنویر اور رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔ آرمی چیف کی دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ اس بار امریکہ کو ہوائی اڈے تو نہیں دیئے جائیں گے؟ تو آرمی چیف نے واضح طور پر دو ٹوک انداز میں جواب دیا کہ اس بار ہوائی اڈے نہیں دیں گے۔
ہماری پالیسی بدل گئی ہے، اپنے اڈے کسی کو نہیں دیں گے: شیخ رشید
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت نہیں کی۔
