افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام غیر ملکی افواج کے افغانستان سے انخلا تک کسی بھی ایسی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت نہیں کرینگے، جس میں افغانستان سے متعلق فیصلے ہوتے ہیں۔
طالبان ترجمان محمد نعیم وردک کا اعلان امریکی میڈیا رپورٹس کے بعد آیا ہے جس کے مطابق امریکی صدر آئندہ چند روز میں جو بائیڈن افغانستان سے تمام امریکی فوجیں 11 ستمبر تک نکالنے کا اعلان کرینگے۔
مزید پڑھیں: امریکہ کا 11 ستمبر تک افغانستان سے افواج نکالنے کا فیصلہ
افغان طالبان کے اعلان کے بعد 24 اپریل سے 4 مئی تک ترکی میں افغان عمل پر ہونے والی کانفرنس منعقد نہیں ہوسکی گی۔ یہ کانفرنس پہلے 16 اپریل سے شروع ہونا تھی لیکن طالبان نے کہا تھا کہ ان تاریخوں میں کانفرنس میں شرکت کرنا ممکن نہیں کیونکہ ان کے مشورے جاری ہیں۔
غیر ملکی افواج کی ستمبر تک افغانستان میں رہنے کی وجہ سے نئی صورتحال کی وجہ سے طالبان کے کانفرنس میں انکار کے بعد امن عمل کو دھچکا لگا ہے۔
گزشتہ سال قطر میں ہونے والے امریکا طالبان معاہدے کے تحت تمام غیر ملکی فوجوں کو یکم مئی تک افغانستان سے نکلنا چاہیے تھا۔
امریکہ نے 11 ستمبر 2021 تک افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا کا فیصلہ کر لیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرجو بائیڈن جلد افواج کے انخلا کا اعلان کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ٹرمپ انتظامیہ نے طالبان سے معاہدہ کیا تھا کہ وہ اپنی افواج مئی تک افغانستان سے نکال دیں گے۔
