وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم بی بی قانون کی پاسداری کریں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے بلاوے پر احتجاج اور آہ وبکا بےسود اور نا قابل فہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں سے بےجا الجھنے کی بجائے نیب کے سوالوں کا جواب دیا جائے۔
مریم نواز کی پیشی: نیب لاہور کو ریڈزون ڈیکلیئر کرنے کی درخواست دی جارہی ہے، ترجمان
خیال رہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی سے متعلق ن لیگی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ رہنما رانا ثنااللہ، کھوکھر برادران اور رانا مبشر کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ملک پرویز، ملک ریاض،علی پرویز ملک، وحید عالم، بلال یاسین،
چودھری شہباز اور باؤ اختر کو بھی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواتین ارکان اسمبلی اور لیگی خواتین کو لانے کی ذمہ داری شائستہ پرویز ملک کے سپرد کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی نیب پیشی کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ن لیگ کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کریں گی۔
خیال رہے کہ نیب نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو جاتی امرہ اراضی کیس میں طلب کرلیا ہے۔ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔
نیب کے مطابق مریم نواز کوجاتی عمرا میں 1500 کنال اراضی کی غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے بلایا گیا ہے۔
