اسلام آباد: امریکہ سے خصوصی طیارہ امریکی سفارتخانے کے لیے کوروناویکسین لےکرپاکستان پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ سےکورونا ویکسین 4عدد پاؤچز میں لائی گئی جن کا وزن 96کلوگرام ہے۔ امریکی سفارتخانے کے عملے نے کورونا ویکسین اسلام آباد ایئرپورٹ پر وصول کی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ امریکی خصوصی طیارہ کوروناویکسین چھوڑ کر کراچی روانہ ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار863تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار471 ہے۔
پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار 982 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار479، خیبر پختونخوا 2 ہزار 215، اسلام آباد میں 545، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 203 اور آزاد کشمیر میں 336 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد52 ہزار86، خیبرپختونخوا80ہزار37، سندھ 2 لاکھ 63 ہزار290، پنجاب ایک لاکھ 99 ہزار40، بلوچستان19 ہزار342، آزاد کشمیر11 ہزار704اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
