لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے بہاولنگر میں محکمہ مال کے درجہ چہارم کے ملازم کے گھر چھاپہ مار کر چھ کلو سونا، دو بوری کرنسی نوٹ اور ایک بوری پرائز بانڈ برآمد کر لیے۔
نیب ترجمان کے مطابق محکمہ مال پنجاب کے درجہ چہارم کا ملازم چھاپے کے دوران گھر سے فرار ہوگیا، جبکہ پوچھ گچھ کے لیے ملزم کے بھائی کو نیب نے حراست میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق قومی احتساب بیورو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی شکایت پر مذکورہ شخص سے تحقیقات کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: نیب کا وزیر آپباشی سندھ سہیل انور سیال کی رہائش گاہ پر چھاپہ
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا تھا کہ زیادہ کرپشن ہو گی تو زیادہ مقدمات رجسٹرڈ ہوں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب شفاف احتساب کے عمل پر یقین رکھتی ہے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم نے ہر ماہ کی آخری جمعرات کو سائلین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
انہوں ںے کہا تھا کہ نیب شفاف اور یکساں احتساب کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کامیابیوں کا کریڈٹ نائب قاصد سے چیئرمین تک سب کو جاتا ہے۔ سب کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ مضاربہ کیس میں متاثرین کو رقوم کی واپسی جاری ہے۔ جن لوگوں نے نیب کے قوانین نہیں پڑھے وہ بھی تنقید کرتے ہیں جبکہ نیب ہر کیس کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے کر میرٹ پر فیصلہ کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 25 اکتوبر کو اورنج لائن ٹرین چلانے کی منظوری دے دی گئی
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا تھا کہ بڑے سیاستدان چیئرمین نیب کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں لیکن زیادہ کرپشن ہو گی تو زیادہ مقدمات رجسٹرڈ ہوں گے۔ چیف جسٹس کے فیصلوں سے ہماری رہنمائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کہ کسی کیس میں ضمانت ہونا بڑی بات نہیں ہے کیونکہ ضمانت تو قتل کیسز میں بھی ہو جاتی ہے۔ نیب ہر کیس کا فیصلہ میرٹ پر کرتی ہے۔
