لاہور: حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹروں نے بھی کرائے بڑھا دیئے ہیں۔
ترجمان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن تنویر جٹ کے مطابق اے سی بس کے کرایوں میں 20 فیصد جبکہ نان اے سی بس کا کرایہ 15 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کا فیصلہ پٹرول کی قیمت میں اضافے پر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا کرایہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 12 سو روپے کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایہ بھی کم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔
پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ یکم جون سے پیٹرول کی نئی قیمت76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کردی گئی تھی۔
