پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے لیے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ریلیف پیکج نادار طبقے کو مشکلات سے نجات دلانے کےلیے دیاگیا ہے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض دم توڑ گیا
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تعلیمی اداروں کی بندش میں 31مئی تک توسیع کردی گئی ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں عام تعطیل میں 5اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔
مشیراطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی میں بھی 5اپریل تک توسیع کی گئی ہے جب کہ سیاسی، شادی بیاہ، دیہی منڈیوں اور دیگر تقریبات پر پابندی میں 30اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔
اجمل وزیر نے یہ بھی بتایا کہ بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ31 مئی تک ملتوی ہوں گے۔
مشیراطلاعات کا کہنا ہے کہ گندم کی خریداری کے لیے 17.5ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں میں مزید سختی نہ کریں تو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے 9 افراد ہلاک، 1252 متاثر
اجمل وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پیرامیڈیکس اسٹاف کی جانوں کا تحفظ ہمارے لیے ضروری ہے، ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کےلیے نجی اسپتالوں سے مدد لیں گے۔
