اسلام آباد: پاکستان سے تعلق رکھنے والی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی جدوجہد پر مبنی فلم ’گل مکئی‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی چھا گیا ہے۔
ملالہ کی داستان حیات اور جدوجہد پر مبنی فلم ’گل مکئی‘ کا پہلا ٹریلر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر جاری کیا گیا جو آتے ہی چھا گیا، اسے تادم تحریر ایک کروڑ 46 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔

گُل مکئی‘ میں ملالہ یوسف زئی کی زندگی کے اتار چڑھاؤ اور تعلیم کے لیے جدوجہد کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/222373/” position =”left”]
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک بہادر بچی سوات میں نام نہاد اسلامی نظام نافذ کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی اور اپنے والد کی سربراہی میں اسلام کا نام بدنام کرنے والوں اور بچیوں کو تعلیم دینے سے روکنے والوں کے خلاف ڈٹ گئی۔
دنیا بھر کے بااثر ترین نوجوانوں میں شمار کی جانے والی ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایتکاری کے فرائض ایچ ای امجد خان نے سرانجام دیے ہیں جب کہ ملالہ کا کردار اداکارہ ریم شیخ نے نبھایا ہے جب کہ ملالہ کے والد کا کردار اطل کلکرنی نبھا رہے ہیں۔
’گل مکئی‘ 31 جنوری کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
