اسلام آباد: قومی ایئر لائن پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنز نے اپنے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے اندرون ملک سفر کرنے والوں کی جیب پہ بھاری بوجھ پڑ گیا ہے۔
پی آئی اے میں بغیر ٹینڈرز چکن کی خریداری کا انکشاف
ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کراچی سے لاھور و اسلام آباد جانے والی پرواز وں کا یکطرفہ کرایہ مسافروں سے 35 ہزار روپے سے زائد وصول کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسی طرح لاہور سے کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، رحیم یار خان اور فیصل آبا سیکٹروں پر اڑان بھرنے والے جہازوں کے کرائے میں بھی دس سے 15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ کرایوں میں اضافہ صرف قومی ایئر لائن نے نہیں کیا ہے بلکہ نجی ایئر لائنز ایئر بلیو اور سرین ایئر نے بھی مسافروں سے کرائے کی مد میں 36 ہزار روپے سے زائد کی وصولی کرنی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسی طرح کراچی سیکٹر کے لیے 35 ہزار اور اسلام آبد کوئٹہ سیکٹر کے لیے کرایوں کی مد میں 30 ہزار روپے وصول کیے جانے لگے ہیں۔
کرایوں کی مد میں اچانک ہونے والے غیر معمولی اضافے نے مسافروں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے جب کہ پی آئی اے کے ترجمان نے کرایوں میں اضافے سے صاف انکار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ ٹکٹس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں وگرنہ کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کا مالی بحران، ملازمین تنخواہوں سے محروم
ہم نیوز کے مطابق ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا ہے کہ مسافروں کی آمد ورفت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ حیران کن امر ہے کہ جب مسافروں کی تعداد بڑھی تو ایئرلائنز نے اپنے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا۔
