چنیوٹ :جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مارچ کو روکنے کے لیےناجائز اور آمرانہ حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
چنیوٹ آمد پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ آزادی مارچ میں اظہار یکجہتی کرنے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مغرب اور امریکہ ہمیں گھاس نہیں ڈال رہا، دوست ممالک نے بھی ساتھ دینا چھوڑ دیا، ہم سفارتکاری کے میدان میں ہار چکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے، قوم تباہ ہو گئی ہے،اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی کی شرح میں کمی نہیں ہو گی، مہنگائی مزید بڑھے گی ۔
جمیعت علمائے اسلام کے قائد نے کہا کہ تاجروں پر اسلام آباد میں تشدد کیا گیا،تاجروں کے مسائل حل نہیں کیے گئے، پاکستان کی فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں مارکیٹیں بند ہو رہی ہے تاجر برادری احتجاج کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تمام سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کی جا رہی ہے ،وہاں ڈاکٹرز ارو دیگر طبی عملہ گزشتہ کئی دنوں سے ہڑتال پر ہے ، عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میرا ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا ہے اور اسی ایجنڈے کی خاطر آزادی مارچ کررہے ہیں۔ نااہل حکمرانوں سے ملک کو آزاد کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: مارچ والے چاہتے کیا ہیں؟ان کے حقیقی مقاصد کیا ہیں؟ شوکت یوسف زئی کا استفسار
