اسلام آباد: پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اعلی سطح کے وفد نےسابق صدر آصف علی زرداری اورخواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کے حصول کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔
وفد میں خورشید شاہ، رضا ربانی، مشاہد حسین سید شامل تھے۔ وفد نے آصف زرداری اورخواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری ایم این اے ہیں سب ممبران کا حق ہے وہ بجٹ سیشن میں آئیں۔پہلے اسپیکر نے کہا تھا کچھ وقت دیں میں کچھ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا اسپیکر آصف زرداری کے پروڈکشن آڈر کے لیے امید دلائی ہے۔
خورشید شاہ نے کہا سعد رفیق اور قبائلی علاقوں سے منتخب ممبران کے لیے پہلے خط لکھا تھا۔آج پتہ چلے گا کے اسپیکر صاحب کیا کرتے ہیں۔کل ہماری پارلیمانی پارٹی پھر فیصلہ کرے گی ۔
سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضاربانی نے کہا کہ اسپیکر صاحب کسٹوڈین آف دی ہاؤس ہیں۔اسپیکر صاحب ہر بات کا علم رکھتے ہیں۔پارلیمینٹیرینز نے اپنے علاقوں کی آواز ایوان میں اٹھانی ہے ان کا حق ہے کہ وہ ایوان میں آئیں اور اپنے علاقہ کے حوالے سے مسائل اور معاملات پر گفتگو کریں۔
ادھر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نےنیب کی زیر حراست قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ
ضمانت منسوخی پر گرفتار ہونے والے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت یقینی ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کی پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔