اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی صدر اور قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اتوار کی صبح چار بجکر پچاس منٹ پر وطن واپس پہنچیں گے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے، نالائق اور نااہل مخالفین منفی سیاست کے لئے مصنوعی بیانیہ کا سہارا تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ دو درجن ادھارے اور جھوٹ بولنے والے ترجمانوں میں سے نصف نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وطن واپس لوٹنے سے حکومت اور اس کے ترجمان ایک مرتبہ پھر جھوٹے ثابت ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ کی تردید
یاد رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے 25 مئی کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملزم شہباز شریف کے وکلا سے انکی عدالت میں پیشی کی حتمی تاریخ مانگ لی تھی۔
جج نے کہا کہ عدالت بہت فراخ دلی سے کیس سن رہی ہے ،بیان حلفی دیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے؟ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے کہ طے کیا جائے کہ انکا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے ؟
شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ وہ کوئی حتمی ٹائم فی الوقت نہیں دے سکتے ۔شہباز شریف کے ٹیسٹ چل رہے ہیں، اگر کورٹ انہیں یہ سہولت دے کہ انکا میڈیکل بورڈ بنا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔
جج نے کہا کہ میں نے 15 دن اسی لیے دیے تھے کہ وہ علاج کروا کر واپس آ جائیں۔ عدالت نے شہبازشریف کی 28 مئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 13 جون کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
