اسلام آباد: حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف میں ’منتخب اور نامنتخب‘ کی جنگ منظر عامر پر آگئی۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان سے وزارت اطلاعات واپس لینے کی وجہ بھی یہی جنگ بنی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے منتخب قیادت کو کرنے چاہئیں، اہم فیصلے ہوجاتے ہیں اور پتا نہیں چلتا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ کو کہا تھا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین نا بنائیں لیکن بنا دیا گیا، کہا تھا ان کا نام ای سی ایل میں ڈالیں لیکن نہیں ڈالا گیا اور وہ باہر چلے گئے۔
مزید پڑھیں: فواد اور بلاول کی ٹوئٹر پر لفظی جنگ
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو باہر جانے دیا تو تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر سائنس کے مطابق پی ٹی ایم کے مسئلے کا سیاسی حل ہونا چاہیے، اپوزیشن کے پاس نا قیادت ہے اور نا بیانیہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں غیرمنتخب لوگوں نے مداخلت کی، یوسف بیگ مرزا، نعیم الحق، طاہر خان اور ارشد خان، ایک وقت میں پانچ لوگ کام کریں گے تو وہی ہوگا جو ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نیکٹا میں سب ہی ڈیپوٹیشن پر ہیں، فواد چوہدری
انہوں نے کہا کہ غیر منتخب اور منتخب نمائندہ میں سرد جنگ جاری ہے، وزارت خزانہ میں کیوں غیر منتخب نمائندوں کو لایا گیا، اس پر کبھی بات کروں گا۔
وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ بڑی سیاسی کمزوریاں ہیں، اہم فیصلہ ہوجاتے ہیں، مگر کسی کو پتہ ہی نہیں چلتا۔
سابق وزیر نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر اگر سابق وزیراعظم کو باہر جانے کی اجازت دی گئی تو تحریک انصاف کی سیاست بالکل ٹھپ ہوجائے گی۔
سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت سول ملٹری تعلقات بہترین ہیں۔
