لاہور ائیر پورٹ آپریشنل ہونے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنی معمول کی پروازوں کا آغاز کردیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے کراچی اور اسلام آباد کے علاوہ بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کردی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے مسقط کی پرواز رات 12 بجکر 45 منٹ جبکہ لاہور سے دبئی کی پرواز پیر کی صبح 10 بجکر 15 منٹ پرروانہ ہوگی۔
ادھر پی آئی اے نے فیصل آباد ائیرپورٹ سے بھی اپنی معمول کی پروازوں کا آغاز کردیاہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن معطل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل
پاکستان کی فضائی حدود جزوی بحال

لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 305 شام 6 بجے روانہ ہوئی۔ کراچی اور لاہور کے درمیان پروازیں پی کے 306 اور پی کے 307 بھی اپنے شیڈول کے مطابق آپریٹ کی جائیں گی۔
ڈسٹرکٹ مینیجر اور اسٹیشن مینجر کی نگرانی میں پی آئی اے کا عملہ مسافروں کی مکمل رہنمائی کے لئے پی آئی اے بکنگ دفاتر اور ائیر پورٹ پر موجود ہے۔
مسافروں سے رابطہ کر کے ان کو پروازوں کے شیڈول سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزل مقصود تک پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے غیر معمولی حالات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے لئے پی آئی اے معذرت خواہ ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے سبب پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کرتے ہوئے تمام ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کر دیے تھے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن بند کرنے کےاحکامات دیے تھے۔ ملک بھر میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں بھی روک دی گئی تھیں۔
کراچی اور اسلام آبا کے ایئرپورٹ کشیدگی کم ہونے کے 31 گھنٹوں بعد ہی کھول دیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو بھارتی فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا تھا۔
پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بند کردی تھی جب کہ بھارت نے سرینگر سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایئرپورٹس بند کردیے تھے۔
پروازیں منسوخ ہونے کے سبب دونوں ممالک میں ہزاروں غیرملکی پھنس گئے تھے اور لوگوں کو وقتی طور پر پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
