اسلام آباد: افغانستان کے سفیرعمر زخیلوال نے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کو پراسرار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت مکمل تحقیقات کرائے گی۔
ہم نیوز کے مطابق افغانستان کے سفیر نے ایس پی کے قتل پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر داوڑ کی نعش اس وقت جلال آباد میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ قتل کیے گئے ایس پی کی نعش کو بہت جلد مکمل احترام کے ساتھ پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/104775/” position =”right”]
افغانستان کے سفیر عمرزخیلوال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں کابل اور جلال آباد میں رابطہ کیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں ایس پی رورل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دینے والے طاہر داوڑ اپنی چھٹیاں گزارنے اسلام آباد آئے تھے جہاں اطلاعات کے مطابق 26 اکتوبر کی شام جب واک پر نکلے تو واپس نہیں آئے۔
ایس پی طاہر داوڑ کے گھر واپس نہ آنے پر اہل خانہ کی جانب سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا لیکن ان کا فون بند ملتا رہا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس کے مطابق ایس پی طاہر داوڑ کے موبائل فون کی آخری لوکیشن سیکٹر ایف- 10 اسلام آباد آئی تھی۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//pakistan/105126/” position =”left”]
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق اپنے گمشدہ ایس پی طاہرداوڑ کی تلاش میں اس نے شمالی وزیرستان اور اس کے اطراف میں آپریشن کیا۔
اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے جرگہ عمائدین نے بھی اس حوالے سے کے پی کے آئی جی سے ملاقات کی اور اس ضمن میں بات چیت بھی کی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی جی کے پی کی جانب سے ایس پی طاہر داوڑ کے چھوٹے بھائی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ گمشدہ پولیس افسر کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
