اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اعظم سواتی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے ہیں اور اس وقت اپنا بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی نے کیس سے متعلق ریکارڈ پیش کر دیا ہے۔
جے آئی ٹی نے آج اعظم سواتی کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔ جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی جی نیب عرفان منگی کر رہے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اعظم سواتی کے اثاثہ جات کی تفتیش کیلئے بنائی گئی کمیٹی رواں ہفتے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔
قبل ازیں اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد، ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن اور کیس کے تفتیشی افسران کے بیان بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا معافی نامی مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔
جے آئی ٹی کو اس بات کی تحقیقات کرنا تھی کہ اعظم سواتی نے جاییداد اور اثاثے کیسے بنائے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ کمیٹی 14 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اس معاملے میں آرٹیکل 62 ون ایف کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
