راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 مارچ 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت اطلاعات نے افغان طالبان کا دعویٰ مسترد کر دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
