آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ( ICC Men’s T20 World Cup )کے سنسنی خیز سیمی فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کے کیمپ میں ایک غیر معمولی صورتحال نے سب کو چونکا دیا۔
بھارتی ٹیم نے اہم معرکے سے پہلے اچانک اپنی نیٹ پریکٹس ایک گھنٹے کے لیے موخر کر دی، جس کے پیچھے چاند گرہن کو وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کو ایک ’’تکنیکی مشیر‘‘ یا جوتشی کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ گرہن کے دوران میدان میں سرگرمی ٹیم کے لیے نحس ثابت ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اطلاع کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹ سیشن مؤخر کر کے ڈریسنگ روم میں قیام کیا، جبکہ بعض افراد مذہبی رسومات اور پوجا پاٹ میں مصروف رہے۔
Hello from the Wankhede Stadium, Mumbai 👋 🏟️
📸 📸 Semi-final intensity 💪 #TeamIndia | #T20WorldCup | #MenInBlue | #INDvENG pic.twitter.com/V8PE4I1gnb
— BCCI (@BCCI) March 4, 2026
ذرائع کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے اس فیصلے کو محض احتیاطی اقدام قرار دیا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اس پیش رفت نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں ڈیٹا، اینالٹکس اور سائنسی بنیادوں پر فیصلے کرنے والی ٹیم کا اس قسم کے خدشات سے متاثر ہونا حیران کن ہے۔ دوسری جانب حامیوں کا مؤقف ہے کہ مذہبی یا ثقافتی عقائد ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہیں اور اس کا پیشہ ورانہ تیاری سے براہِ راست تعلق نہیں جوڑا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ سیمی فائنل جیسے بڑے مقابلے سے قبل ہر ٹیم ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی ہے اور کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں۔
تاہم بھارتی ٹیم کے کیمپ میں گرہن کے سائے تلے ہونے والی یہ پیش رفت ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع بن گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ میدان میں کارکردگی اس فیصلے کو درست ثابت کرتی ہے یا نہیں۔
