پاکستان کی بندرگاہ یانبو کے ذریعے متبادل تیل سپلائی روٹ کی درخواست پر سعودی عرب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔ سعودی عرب کی جانب سے بحیرہ احمر میں بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں متبادل تیل سپلائی روٹ کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب سے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے تیل کی فراہمی کی درخواست کی ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی بیشتر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے اور خطے میں کسی بھی کشیدگی یا رکاوٹ کی صورت میں سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، اس تناظر میں پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ بندرگاہ یانبو کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کیا جائے۔
ایک جہاز کو پاکستان سے یانبو روانہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ امید ہے یانبو بندرگاہ سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں ملک کی توانائی ضروریات متاثر نہ ہوں۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
سپریم لیڈر خامنہ ای کی تدفین مشہد میں ہو گی
سعودی سفیرکا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سپلائی چین کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
