لاہور: الیکشن کمیشن کے حکم پر معطل کیے گئے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات ضلعی انتظامیہ کو مل گئے۔
محکمہ بلدیات پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جولائی تک صوبہ کی ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی میونسپل کارپوریشن کے اختیارات متعلقہ ڈویژن کے کمشنر کے پاس ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 25 جولائی تک کمشنر لاہور ڈویژن، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے اختیارات استعمال کر سکیں گے، اسی طرح میونسپل کارپوریشن گجرات اور سیالکوٹ کے اختیارات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میونسپل کارپوریشن مری کے اختیارات اسسٹنٹ کمشنر مری کے پاس ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں میونسپل کمیٹیوں کے سربراہ متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ہوں گے۔
محکمہ بلدیات پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق میونسپل کمیٹیوں کے سربراہ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ہوں گے، اسی طرح ڈسٹرکٹ کونسل کے سربراہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور یونین کونسل کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہوں گے۔
دس جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک اعلامیے کے ذریعے ملک کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو معطل کر دیا تھا، اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ سمیت تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان 25 جولائی تک معطل رہیں گے تاکہ انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
