لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنا آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔
سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں آج قانون کی حکمرانی نہیں ہے اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس وقت حکومت کی ترجیح معیشت ہونی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے تاہم بنوں آپریشن میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا فیصلہ کالعدم قرار
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی اور تاجر طبقہ پریشان ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ حکومتی معاملات کھٹائی میں پڑ گئے ہیں۔ تحریک انصاف نے لاہور میں احتجاج کے لیے کال دی اور پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے منتخب اراکین غیر قانونی اقدام کا بھرپور جواب دیں گے اور پی ڈی ایم کے لوگوں نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے لیکن ہم ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی میں آج بھی اکثریت ثابت کرنے کی پوزیشن میں ہیں اور ہمارے اراکین ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ جو اراکین منحرف ہوئے تھے عوام نے انہیں آئینہ دکھایا۔ عمران خان پر تمام اراکین نے اپنی حمایت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنا آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا اب دارالحکومت بھی محفوظ نہیں ہے۔
