اسلام آباد: سپریم کورٹ میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ جمعرات 21 جولائی کو سماعت کرے گا۔ عدالت نے آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو رانا ثنا اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
توہین عدالت سے متعلق ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کے بعد کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مداخلت پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے بھی درخواست دائر کی تھی، جو سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔
پرویز الہیٰ نے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
دوسری جانب مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے تفصیلات سماجی میڈیا پر جاری کر دیں، لکھا رانا ثنا اللہ اور پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے آج عدالتِ عظمیٰ کو درخواست دی ہے، سپریم کورٹ کے یکم جولائی کے فیصلے کی کھلے عام توہین جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں صریح مداخلت اور پولیس کا استعمال عدالتی حکم کی کھلی توہین ہے، سپیشل برانچ کے استعمال کے ساتھ وزیرِداخلہ کی کھلی دھمکیاں بھی عدالتی حکم کی توہین ہیں۔
سپریم کورٹ سے عدالتی حکم کی ایسی بے توقیری پر کارروائی کی استدعا کی ہے۔
