ٹوکیو: اولمپک 2020 میں سخت مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اور ساتھ ہی ایونٹ نے دنیا کو ناقابل یقین اور خوشگوار لمحات بھی دئیے ہیں۔
جاپان کی 13 سالہ نشیہ مومجی وومن اسکیٹ بورڈنگ ایونٹ میں اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں۔ جس کے بعد وہ اولمپک کی تاریخ میں سب سے کم عمری میں سونے کا تمغہ جیتنے والی کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
سب سے کم عمر میں اولپمک گولڈ میڈل کا ریکارڈ رکھنے والی کھلاڑی کا نشیہ مومجی سے چند ہی ماہ کا فرق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹوکیو اولمپکس: پاکستانی ویٹ لفٹر نے تاریخ رقم کردی
امریکا سے تعلق رکھنے والی مرجوری گیسٹررنگ نے1936 میں برلن میں ہونے والے مقابلوں میں “اسپرنگ بورڈ” ڈائیونگ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 13 سال 267 دن تھی۔
دوسری جانب اولمپک میں پہلی بار اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے میں بھی جاپان فاتح قرار پایا ہے، 22 سالہ یوٹو ہریگوم نے برازیل اور امریکا کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنے ملک کے لیے اسکیٹنگ کے مقابلے میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

جاپان میں عالمی وبا کی وجہ سے ایک سال کی تاخیر کے بعد اولمپک مقابلے جاری ہیں، لیکن جاپانی شہریوں نے اس پرشدید خدشات کا اظہار کیا تھا۔ مئی میں ساڑھے تین لاکھ شہریوں نے اولمپک مقابلوں کو روکنے کے لیے اس کے خلاف پیٹیشن بھی سائن کی تھی۔
23 جون کو شروع ہونے والے مقابلوں سے پہلے جاپان میں 10 میں سے آٹھ یعنی 78 فیصد شہری ان کے حق میں نہیں تھے۔ تاہم اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 فیصد جاپانی شہری کھیلوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
